وزارت عظمیٰ: ن لیگی امیدوار کو ووٹ دیں گے، خواہش ہے زرداری صدر بنیں، بلاول
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے لیکن وزارتیں نہیں لیں گے۔
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا دو روزہ اجلاس آج ختم ہوا، ہمیں پاکستان کا ساتھ دینا ہے پاکستان کومستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کووفاق میں حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں، ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا میں تو وزارت عظمیٰ کا امیدوارنہیں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مرکز میں خود حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں، پی ٹی آئی کہہ چکی کہ وہ پیپلزپارٹی سے کوئی بات چیت نہیں کرے گی، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے ہمیں مرکز میں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ وفاقی حکومت کا حصہ بنیں، ہم وفاقی حکومت میں وزارتیں نہیں لیں گے، لیکن ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 ماہ ہم ن لیگ کی حکومت کا حصہ رہے جس میں پارٹی کو شکایات ہوئیں لیکن چاہتے ہیں حکومت سازی جلد مکمل ہو اور ملک بحران سے نکلے، نہیں چاہتے کہ ملک کو ایک اور الیکشن کی طرف جانا پڑے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام نے الیکشن میں حصہ لیا، عوام اب مزید سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتے، سی ای سی اراکین نے ن لیگ کے حوالے سے کافی اعتراضات کا اظہار کیا، انتخابات کے نتائج کو احتجاج کے ساتھ قبول کریں گے، سی ای سی میں لوگوں نے بتایا کہ 18 ماہ میں ہمارے کام نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آصف زرداری اس ملک کے صدر بنیں، ملک میں اس وقت ایک آگ پھیلی ہوئی ہے، ملک جل رہا ہے، خواہش ہے آصف زرداری صدر بنیں اور اس آگ کو بجھائیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم چاہیں گے کہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم اپنی مدت پورے کریں، دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تو کوئی سیاسی جماعت نتائج قبول نہیں کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین سینیٹ، صدر مملکت اور اسپیکر کے لیے امیدوار کھڑے گی، خواہش ہے آصف زرداری صدرمملکت کے عہدے کے لیے الیکشن میں حصہ لیں۔