لیگی رہنماؤں کو دھکے، احسن اقبال کو جوتا پڑ گیا!

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سیاسی کارکنان نے لیگی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور مصدق ملک کو دھکے دیے جب کہ گربیان بھی پکڑا۔
نجی ٹی وی کے مطابق آج قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے اجلاس ہوگا، جس کا اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا جو ناصرف غیر اخلاقی اور غیر قانونی بھی ہے، رات کے اندھیرے میں اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، صدر نے بھی وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران سیاسی کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی اور نعرے بازی شروع کردی۔ انہوں نے پلے کارڈز اور پوسٹر بھی اٹھارکھے تھے، تاہم صورت حال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب سیاسی کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے (ن) لیگی رہنماؤں کا گھیراؤ کرلیا، اس دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی اور کارکنان نے شاہد خاقان عباسی کو دھکے دیے جب کہ ردعمل پر مصدق ملک کا گریبان بھی پکڑا گیا جب کہ پی ٹی آئی کارکنان نے احسن اقبال کو جوتا دے مارا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی آگئے اور سیاسی کارکنان کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی، کشیدہ صورتحال کے باعث پولیس کو دخل اندازی کرنی پڑی اور پولیس نے سیاسی کارکنان کو لیگی رہنماؤں سے دور کیا۔ جس کے بعد لیگی رہنماؤں نے دوبارہ پریس کانفرنس کی اور پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعظم سے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔