وزیراعظم کا اگلے ماہ دورۂ برطانیہ ملتوی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ اپنا دورۂ برطانیہ ملتوی کردیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملک کی داخلی، سیاسی اور علاقائی صورت حال کے پیش نظر ازخود برطانیہ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کی تکمیل کو خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث وہ آئندہ ماہ برطانیہ کے دورے پر نہیں جائیں گے، تاہم رواں سال کے آخر تک وزیراعظم کا دورہ برطانیہ شیڈول ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت حال ہی میں برطانوی ہم منصب بورس جانسن نے دی تھی جب کہ انہیں آئندہ ماہ ہونے والی پاک انگلینڈ سیریز کا پہلا میچ دیکھنے کے لیے بھی مدعو کیا گیا تھا۔