پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ انتقال کرگئے

کراچی: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر اور سینیٹر عثمان خان کاکڑ کراچی میں انتقال کرگئے۔
عثمان کاکڑ تین دن سے کراچی کے آغا خان اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 19 جون کو اُنہیں خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
17 جون کو عثمان کاکڑ کوئٹہ میں اپنے گھر میں گر کر زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ہونے کے بعد وہ بے ہوش تھے اور گزشتہ پانچ دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ کوئٹہ میں ان کا آپریشن بھی ہوا تھا۔
عثمان کاکڑ 1961 میں قلعہ سیف اللہ مسلم باغ میں پیدا ہوئے، وہ 1977 میں پختونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پہلے سیکریٹری جنرل تھے۔
عثمان کاکڑ نے 1987 میں کوئٹہ لا کالج سے ایل ایل بی کیا، انہوں نے کوئٹہ یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹر کیا۔
عثمان کاکڑ کی وفات پر وفاقی وزرا وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی و دیگر نے گہرے دُکھ و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔