وزیراعظم دو روزہ دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

کولمبو: وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے۔
کولمبو پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال سری لنکن ہم منصب مہندرا راجا پاکسے نے بھرپور انداز میں کیا۔ اس موقع پر کولمبو ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔
وزیراعظم عمران خان کو کولمبو پہنچنے پر گل دستے پیش کیے گئے اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، ان کے اعزاز میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِاعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے، وہ سری لنکن ہم منصب مہندرا راجا پاکسے کی دعوت پر کولمبو پہنچے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان اپنے دورے میں سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف امور میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔