ایئر سیال کا افتتاح: بزنس کمیونٹی کا اپنی ایئرلائن بنانا بڑی پیش رفت ہے، وزیراعظم

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی کا اپنی ایئرلائن بنانا بڑی پیش رفت ہے، آنے والے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا مرکز بن جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں نجی ایئرلائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا تو اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بچاسکتے ہیں، ملکی دولت بڑھنے تک لوگوں کوغربت سے نہیں نکال سکتے۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سےنکالا، سی پیک کے ذریعے چینی حکومت اب ملک کے مغربی حصے کو اوپر اٹھانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں، جس کے تحت میٹروپولیٹن سٹی کا نظام بھی متعارف کروائیں گے، اپریل کے بعد ڈائریکٹ میئر کے انتخابات کرائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم سیالکوٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، انہوں نے صنعت کاروں کی جانب سے شروع کی جانے والی نجی ایئرلائن کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کی آج صنعت کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ عمران خان سمبڑیال میں انجینئرنگ یونیورسٹی کی تعمیر کا اعلان بھی کریں گے۔ سونی فارم ہاؤس میں وزیراعظم غربا مساکین میں جانور بھی تقسیم کریں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے سیالکوٹ کے لیے 17 ارب روپے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ شہر کی ترقی کے لیے 30 سالہ ماسٹر پلاننگ کا آغاز کیا جائے گا۔ صاف سرسبز سیالکوٹ منصوبے کے تحت شہر میں 5 نئے پارکس کی تعمیر کی منظوری بھی شامل ہے۔ 4 لاکھ شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی اور ٹریفک کے نظام کی اصلاحات کے لیے ٹریفک ری انجینئرنگ منصوبے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اس میں نکاسی کے جدید نظام کا شاندار منصوبہ بھی شامل ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔