وزیراعظم شہباز کی ایک روزہ دورے پر کراچی آمد

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کی ایک روزہ دورے پر شہر قائد آمد۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اسلام آباد سے لانے والی خصوصی پرواز نے جمعہ کی دوپہر 12:45 بجے فیصل ایئربیس پر لینڈ کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر آبی وسائل خورشید شاہ اور معاون خصوصی سید فہد حسین بھی کراچی پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ہیلی کاپٹر سے کراچی شپ یارڈ پہنچایا گیا، جہاں وہ کراچی شپ یارڈ کا دورہ کریں گے اور انجینئرنگ ورکس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف شپ یارڈ کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں گے جہاں وہ کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس کی صدارت کریں گے جب کہ شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی کے تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے ان کی تجاویز سنیں گے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور کارکنان بھی شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیراعظم آج شام کو ہی اسلام آباد واپس روانہ ہوجائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔