عمران خان کے بیان پر وزیراعظم کا سخت ردعمل
اسلام آباد/ انقرہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہوجائے گی اور ملک تین ٹکڑے ہوجائے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو پر پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ترجمان پی ڈی ایم کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عمران خان کے بیان کو ملک دشمنی کے مترادف قرار دیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت ترکی میں معاہدے کر رہا ہوں اور عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو عوامی عہدے سے نااہل قرار دینے کے لیے کسی ثبوت کی ضرورت ہے تو ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے، عمران خان اپنی سیاست کریں لیکن حد سے تجاوز اور پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کی ہمت نہ کریں۔