سپر اسٹور میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، عمارت مخدوش قرار

کراچی: گزشتہ روز جیل چورنگی کے قریب واقع سپر اسٹور میں لگنے والی آگ پر 21 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ایس بی سی اے نے عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دے دیا
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی آگ کو مختلف مقامات سے بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم بیسمنٹ میں جانے کا راستہ نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سینئر فائر آفیسر عارف منصوری کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں لگی آگ پر 80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے تاہم دھویں کی وجہ سے رضا کاروں کو اندر جانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپر اسٹور میں آگ بجھانے کے انتظامات تھے اور نہ ہی کہیں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود تھا۔
سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں کہیں کہیں آگ کے شعلے ہیں تاہم امید ہے اگلے 6 گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے، مسلسل آگ کی وجہ سے متاثرہ عمارت کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑنا شروع ہوگئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں جیل چورنگی کے قریب واقع سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں بنے گودام میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسٹور میں پھیل گئی تھی۔
آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث اسے تیسرے درجے کی قرار دیکر عمارت کے رہائشیوں کو باہر نکال لیا گیا تھا، آگ کے دھویں سے متاثر ہو کر 4 افراد بے ہوش بھی ہوئے تھے جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔