وزیراعظم وفد کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کیلیے لندن پہنچ گئے

اسلام آباد/ لندن: وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف سے اہم امور پر مشاورت کرنے کی خاطر لندن پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور خرم دستگیر بھی لندن پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی پرواز مقامی وقت صبح 5:25 بجے لندن کے گیٹ وک ایئرپورٹ کے ساؤتھ ٹرمینل پر اتری۔
وزیراعظم شہباز شریف غیرملکی پرواز سے گزشتہ شب اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور لیگی رہنما سابق وزیراعظم نواز شریف سے آج ملاقات کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو بعض معاملات پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کرنی ہے اور ن لیگ بڑا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک پر اجلاس کی تجویز مسترد کر دی تھی، ملاقات میں آئندہ الیکشن، پنجاب کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہو گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔