پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنایا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو ٹارگٹس آئی ایم ایف کے ساتھ فکس کیے ہیں، ان میں اچھا خاصا فرق ہے، ترقی کے لیے برآمدات کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اڑان پاکستان جیسا پروگرام پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام دے گا، دسمبر کے مہینے میں اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہمیں گروتھ سیکٹر میں ٹیک آف کرنا اور آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ترقی کی بنیاد ہماری برآمدات ہیں، برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹر ایکشن شروع ہوچکا ہے، کاروباری حضرات کو ریلیف ملا ہے، تیل کی اسمگلنگ میں بھی کافی کمی ہوئی ہے اور اسمگلنگ کے خاتمے کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا 5 مہینوں میں ترسیلات زر قریباً 15 ارب ڈالر ہیں، کارکردگی یہی رہی تو ترسیلات زر 35 ارب ڈالر ہوجائیں گی جو ایک ریکارڈ ہوگا، جو ٹارگٹس آئی ایم ایف کے ساتھ فکس کیے ہیں ان میں اچھا خاصا فرق ہے، ان 9 مہینوں کی کامیابیوں سے حوصلہ ملنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنایا، سپاہی اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کررہے ہیں، انسانی اسمگلنگ کرنے والوں کو ہم نے نکیل ڈالی ہے۔