چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چین کی ویکسین کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، احسن اقبال و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی ادارے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔
ادھر وزیرِاعظم شہباز شریف سے سائنوویک کے وفد نے بھی ملاقات کی اور وزیرِاعظم کو ویکسی نیشن مہم کے دوران سائنوویک کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ کمپنی نے پاکستان میں بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔