پی پی اور (ن) لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا بھی منتظر ہوں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی بھی پی ٹی آئی کی طرح فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے منتظر ہیں۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں، اکاؤنٹس کی جتنی جانچ ہو قوم کے لیے اتنے ہی حقائق کی وضاحت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پتا چلے گا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کی بنیاد سیاسی فنڈریزنگ پر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی فنڈنگ کی بھی اسی طرح کی جانچ پڑتال کا منتظرہوں، قوم حقیقی سیاسی فنڈریزنگ، مفادات اور بھتہ خوری کا فرق دیکھے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آئی تھیں، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے، الیکشن کمیشن میں عطیات سے متعلق غلط معلومات فراہم کیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔