سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے، ماضی میں عوامی مفادات کے خلاف خارجہ پالیسیاں بنائی گئیں، غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا، کسی کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے بعد افغانستان پر دنیا بھر کا مؤقف ہمارے ساتھ ہے، افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی المیے پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے، دنیا افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کررہی ہے، مختصر وقت میں وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنا بڑی بات ہے، آئندہ او آئی سی کا اجلاس اس سے بھی بہتر انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث مشکلات کا سامنا کیا، وبا کے باوجود پاکستان کا تشخص پہلے سے بہتر ہے، کسی کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں، اصولوں سے ہٹ کر فیصلے کیے جائیں تو نقصان ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ خود اعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں، اوورسیزپاکستانی انتہائی قابل اور ہرشعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، خوداعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں، پاکستان 60 کی دہائی جیسا ملک بننے جارہا ہے جب کہ ہماری جدوجہد عوام کی فلاح وبہبود ہے۔