شہر قائد کی بہتری کیلیے وفاق اور سندھ کو مل کر چلنا ہوگا: وزیراعظم
کراچی: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کراچی کی بہتری کے لیے وفاق اور سندھ کو مل کر چلنا ہوگا، شہروں پر دباؤ ہے، تمام سیاسی اختلافات بھلا کر مستقبل کی پلاننگ کرنا ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کینٹ اسٹیشن پر سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ نہیں لگایا گیا، کراچی 70 کی دہائی میں ترقی کرنے لگا تو انتشار پھیلادیا گیا، کراچی کے مسائل سے پورا ملک متاثر ہوا ہے۔ اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے۔ کسی بھی شہر کے لیے اس کے ٹرانسپورٹ کا نظام اہم ہوتا ہے، آج بڑا دن ہے، کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔
قبل ازیں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید کے سی آر منصوبہ پاکستان میں تاریخ رقم کرے گا، اس منصوبے سے کراچی کے شہریوں کی سفری مشکلات کم ہوں گی، بدقسمتی سے کراچی ترقی کے بجائے کچرا کنڈی بن گیا، ہم ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ کراچی کو جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا سہرا وزیراعظم کے سر ہے۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم آج کراچی میں مصروف دن گزاریں گے، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی سندھ اسٹرٹیجک کمیٹی سے ملاقات کریں گے جب کہ گورنر ہاؤس میں علماء کرام کی بھی وزیراعظم سے ملاقات طے ہے۔