گوادر، تربت میں 2 نرسنگ کالجز جلد تعمیر کیے جائیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تربت ایئرپورٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور گوادر اور تربت میں 2 نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کیے جائیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا، جس پر عمران خان نے ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے 665 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر 15 دن میں ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تربت ایئرپورٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور گوادر اور تربت میں 2 نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کیے جائیں۔