کسان پورٹل کا افتتاح، چھوٹے کسان کی مدد کرنا میرا وژن ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کسان پورٹل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ کہ محنت کش طبقے کی مدد سے اللہ خوش ہوتا ہے، چھوٹا کسان خوش حال ہوگا تو پیسہ بیرون ملک نہیں لے جائے گا، وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کسان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں اکثریت چھوٹے کسانوں کی ہے، محنت کش اور مزدور کی آواز ظالم اور طاقتور کے سامنے دب جاتی ہے، ہماری پارٹی نے ہمیشہ انصاف کے لیے تحریک چلائی، ہماری کوشش تھی چھوٹے طبقے کو انصاف فراہم کرنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چھوٹے کسان کی مدد کرنا میرا وژن ہے، کسان کو فصل کی پوری قیمت وصول کرانا میرا عزم تھا، کسان کارڈ سے چھوٹے کسان کی براہ راست مدد ہوگی، کسانوں کو گنے کی قیمت کم ملتی تھی، شوگر ملز والے کسانوں کو انتظار کرواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 سال بعد بڑے ڈیمز بنارہے ہیں، ڈیمز بننے سے سیلاب کی تباہی بھی روک سکتے ہیں۔
قبل ازیں معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ کسانوں کے لیے آج تاریخی دن ہے، حکومت کاشت کاروں کو سہولتیں پہنچانے کے لیے متعدد اقدامات کررہی ہے، کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، کاشت کاروں کو پیداوار کا اچھا معاوضہ دیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔