کوشش رہی بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کیلیے امید کی کرن ثابت ہو، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش رہی کہ موجودہ بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کے لیے امید کی کرن ثابت ہو۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی صورت حال خصوصاً حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوامی ترقیاتی بجٹ، بجٹ میں عوام کو پہنچائے جانے والے ریلیف اور خصوصاً معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے۔
پارٹی رہنماؤں نے متوازن، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِاعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس امر پر بے حد اطمینان ہے کہ پاکستان کی معیشت ناصرف استحکام بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، کورونا کے دور میں جب عالمی سطح پر ہر معیشت کو سخت دھچکا لگا ہے اور معاشی مسائل پیدا ہوئے ہیں، وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے، جس کا مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے بلکہ معیشت کے اہم شعبوں زراعت، انڈسٹری، ہاؤسنگ وغیرہ جیسے اہم شعبوں کو فروغ دینا ہے۔
عمران خان نے اہم حکومتی اقدامات کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین سونامی، سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ موجودہ بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کے لیے امید کی کرن ثابت ہو۔
انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں، تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔