فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے خود پھنس چکے، وزیراعظم

ساہیوال: وزیراعظم نے کہا ہے کہ سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کررہے ہیں، اپوزیشن کے نامور ڈاکوؤں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہیے، یہ اگر میری تعریف کریں تو میں اپنی توہین سمجھوں گا۔
وزیراعظم عمران خان کا ساہیوال میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او مانگنے کے لیے استعمال کیا، پارلیمنٹ کے اندر عوامی مفاد کی جو بحث ہونی چاہیے تھی وہ نہ ہوسکی، اپوزیشن کے نامور ڈاکوؤں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہیے، اپوزیشن اگر میری تعریف کرے تو میں اپنی توہین سمجھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کررہے ہیں، ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کے لیے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں، فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کرکے ارب پتی بنے، وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہوچکے ہیں، ہمیں معلوم ہے کون سا سیاسی لیڈر پیسے لگارہا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگاکر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا، سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کے لیے آئینی ترمیم لارہے ہیں، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے، سب کو پتا ہے کہ اسامہ بن لادن نے کس کو پیسے دیے تھے، اکاؤنٹس کی اسکروٹنی ہوئی تو تحریک انصاف کے اکاؤنٹس شفاف نکلیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاؤنٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہوسکتا، مریم نواز نے غیر قانونی کھوکھر پیلس پر کھڑے ہوکر قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کررہی ہیں، ان کے دور میں ہر سیاسی رہنما نے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے، جب ملک کا ایک وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس فورم پر اپوزیشن کے خلاف فیصلہ آئے وہ اس کو نہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑرہا ہے یہ نیب کو بھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے، (ن) لیگ نے مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں قبضے کی زمین پر تعمیر کردہ کھوکھر پیلس گرانے پر عثمان بزدار کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنا اور قبضہ گروپ کے محل گرانا یہ ہوتی ہے تبدیلی، لاہور کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کی پشت پر نواز شریف اور اس کی حکومت کھڑی تھی، میں نے وہ محل گرتے دیکھا، لوگ پوچھتے ہیں تبدیلی کہاں ہے تو یہ ہوتی ہے تبدیلی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔