وزیراعظم اور عسکری قیادت کی ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور عسکری قیادت کی ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سلامتی اور اندرونی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورت حال پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، سیکیورٹی ایجنسیز کے حکام بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کی جانب سے افغانستان کو دی جانے والی امداد پر بھی بریفنگ دی گئی۔ افغان شہریوں کو دوسرے ممالک جانے کے لیے پاکستانی زمینی اور فضائی راستے استعمال کرنے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق افغان پالیسی کے تناظر میں مفاہمتی عمل جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملک کے سلامتی امور اور سیکیورٹی صورت حال پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی، وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاک افغان بارڈر کی صورت حال پر شرکاء کو بریفنگ دی۔