وزیراعظم کا لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پر خوش آمدید!
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پر خوش آمدید کہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ان کی ترجیح اور اجتماعی ذمے داری ہے کہ ہر بچہ حصولِ علم کے لیے بہ حفاظت اسکول جاسکے، ہم نے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کو صحتِ عامہ کے قواعد سے ہم آہنگ بنانے کا بطورِ خاص اہتمام کیا ہے۔
انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا، اگست میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلاتِ زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے، جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 24.4 فیصد زیادہ ہیں۔ جولائی میں یہ ترسیلات 2.768 ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا، رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران یہ ترسیلات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کی نسبت 31 فیصد زیادہ رہیں۔