امریکا میں طیارے کو حادثہ، تمام مسافر ہلاک
واشنگٹن: ریاست ہائے متحدہ امریکا میں مرٹل ساحل پر مسافر بردار طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 5 مسافر ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے نے امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے نارتھ مرٹل بیچ میں گرینڈ اسٹرینڈ ہوائی اڈے سے پرواز بھری تھی اور محض چند منٹ بعد ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
سرچ آپریشن کے دوران طیارے کا ملبہ ہوائی اڈے سے دو میل شمال مغرب کے علاقے سے مل گیا۔ طیارے کے زمین پر گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
طیارے کے ملبے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ بھی شامل ہے۔
حادثے کی وجہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ان کے اہل خانہ سے اجازت ملنے کے بعد ظاہر کی جائے گی جو بیرون ملک مقیم ہیں۔
حادثہ زدہ ایک انجن والا طیارہ اعلیٰ کارکردگی کا حامل بتایا جاتا ہے۔