پنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ نے پہلے ہی روز 506 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا
راولپنڈی: پاکستان کے دورے پر آئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ہی اپنے خطرناک عزائم کا کھل کر اظہار کردیا، 506 رنز بناڈالے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے روز کے کھیلے کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جب کہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری پروک 101 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 2 جب کہ حارث رؤف اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی ابتدا میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو انڈر پریشر لائیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔
انگلیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 4 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا، جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کپتان بین اسٹوکس سمیت 8 انگلش کرکٹرز میں وائرل انفیکشن کے باعث پاک انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز کے لیے مؤخر کا بیان دیا تھا تاہم آج علی الصبح بورڈ نے دونوں ٹیموں کے مابین میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کا اعلان کیا۔