بڑی خوشخبری، کینیڈا کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال
کراچی: کینیڈا کی جانب سے قومی ایئر لائن کو دوبارہ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایات موصول ہوگئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ کینیڈا کے لیے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے پی آئی اے نے ایس او پیز جاری کردیے ہیں۔ کینیڈا جانے والے مسافروں کو پرواز سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا۔ کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی طور ساتھ رکھنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔ 5 سال کے بچوں اور اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مسافروں کو پرواز سے قبل آرئیوکین موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔ کینیڈا جانے کے لیے طیارے میں بیٹھنے سے قبل مسافروں کا معائنہ پی آئی اے کے ڈاکٹر کریں گے۔
روانگی کے وقت کورونا وائرس کی علامت کی صورت متعلقہ مسافر کو آف لوڈ کیا جائے گا۔
اس سے قبل پی آئی اے نے پروازیں کووڈ پابندیوں کے باعث صرف کارگو تک محدود کردی تھیں۔ 22 جون سے پی آئی اے کی پرواز براہ راست مسافر لے کر کینیڈا جاسکے گی۔ کینیڈین حکام نے پی آئی اے کی وضع کردہ ایس او پیز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں پی ائی اے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار 3 پروازیں اتوار سے شروع کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں پاکستان سے کینیڈا کا آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ یہ پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔ پروازوں کے لیے بکنگ کھول دی گئی ہے اور مسافر باآسانی نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔