پٹرول بم پھر گرادیا گیا، پٹرول24.03 اور ڈیزل 59.16 روپے مہنگا
اسلام آباد: عوام پر مسلسل تیسری بار پٹرول بم گرادیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ رات 12 بجے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوجائے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوجائے گی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل ہیں، ہم اس وقت پٹرول کی قیمت میں24 روپے فی لیٹر نقصان کررہے ہیں، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے جو معاہدے کیے ان کی وجہ سے ہمار ے ہاتھ جکڑےہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر پٹرول کی قیمتیں کم کیں، عالمی مارکیٹ میں تیل، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔