پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اسلام آباد: کافی عرصے بعد عوام کو بڑی خوش خبری ملی ہے، وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تین روپے 50 پیسے کمی کا امکان ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت دو روپے فی لیٹر کم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
تاہم ان تجویز کے برعکس حکومت نے پٹرول 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کردیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 118 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 115 روپے 03 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
مٹی کا تیل 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر کم کردیا گیا، مٹی کا تیل 86 روپے 80 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
دوسری طرف لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی، لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔