پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ متوقع
اسلام آباد: بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ متوقع ہے۔
انڈسٹری نے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بھجوا دی۔
پٹرول ساڑھے تین روپے اور ڈیزل 3 روپے 70 پیسے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے تک اور مٹی کا تیل 6 روپے سے زائد مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں کا تعین 15 جنوری کو کرے گا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں سے متعلق حتمی منظوری دیں گے۔
وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 سے 31 جنوری تک نافذالعمل ہوگا۔
خیال رہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2025 کو بھی عوام کو نئے سال کی پہلی سلامی دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 96 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
پٹرول کی قیمت میں 56 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا تھا۔