پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے اضافہ
اسلام آباد: پٹرول کی قیمت 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر بڑھادی گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ عالمی منڈی میں گذشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔
شہباز گل نے لکھا کہ وزیرِاعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی۔ ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے۔۔
معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔