پشاور دھماکا: شہدا کی نماز جنازہ ادا، اقوام متحدہ کی مذمت
اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پشاور کے مدرسے میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں متعدد معصوم طالب علم شہید اور زخمی ہوئے۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اس سنگین واقعے پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ آج پشاور کے مدرسہ جامعہ زبیریہ میں اس وقت دھماکا ہوا جب بچے درس لے رہے تھے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر کے حکام نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر مدرسہ جامعہ زبیریہ دھماکے میں شہید افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ ان میں سے دو میتوں کو نماز جنازہ کے بعد افغانستان روانہ کیا گیا۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 5 سے 6 کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ بنوں اور باجوڑ میں واقعے کے ذمے داروں کو پکڑا گیا ہے، لیکن تفتیش شیئر نہیں کرسکتے۔
آئی جی ڈاکٹر ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں 30 ہزار مساجد اور 4 ہزار مدرسے ہیں۔ چارسدہ سے متعلق تھریٹ تھا۔ واقعے پر انتہائی دکھ ہے۔ کئی واقعات کے ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ پولیس اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔