مشرف حیات اور طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے، ترجمان
دبئی: سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویزمشرف کے ترجمان نے اُن کی طبیعت ناسازی کی تصدیق اور تشویش ناک حالت کی تردید کردی ۔
سابق صدر کے خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ پرویز مشرف دبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی اہلیہ سابق صدر کے ساتھ موجود ہیں جب کہ ڈاکٹرز معمول کے مطابق ان کا چیک اپ کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مشرف کے پھیپھڑوںمیں تکلیف ہے جس سے ان کو سانس لینے میں مشکلات آتی رہتی ہیں، اس مسئلے کے سبب وہ دو مرتبہ ماضی میں آئی سی یو میں جاچکے ہیں تاہم اس وقت ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے،وہ آئی سی یو یا وینٹی لیٹر پر نہیں ، طبیعت میں خرابی کی وجہ سے سابق صدر انتہائی کمزوی محسوس کررہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے قریبی ساتھی ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف کے انتقال کی اطلاع غلط ہے، پرویز مشرف علیل اور زیر علاج ہیں اور وہ وینٹ پر بھی نہیں ہیں۔علاوہ ازیں آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان نے پرویز مشرف کی طبیعت ناسازی کی تصدیق اور حالت تشویشناک ہونے کی تردید کی ہے۔ دھیان رہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف طویل عرصے سے اپنی اہلیہ کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں۔