پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 22.81 فیصد اضافہ
کراچی: پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں خطے کی بے یقینی صورت حال کے باوجود اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق اپریل 2026 میں سالانہ بنیادوں پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 22.81 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ماہانہ بنیادوں پر اپریل میں پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات 11 فیصد بڑھ گئیں۔
وزارت تجارت کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.48 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2025 تا اپریل 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات 15 ارب 7 کروڑ ڈالر رہیں جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات 14 ارب 85 کروڑ ڈالر تھیں۔
ذرائع وزارت تجارت نے بتایا کہ اپریل میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات ایک ارب 49 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں، پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات اپریل 2025 میں ایک ارب 22 کروڑ ڈالر تھیں۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات مارچ 2026 میں ایک ارب 35 کروڑ ڈالر تھیں۔