امریکن کانگریس میں پاکستانی انتخابات سے متعلق قرارداد پر پاکستان کا ردعمل

اسلام آباد: پاکستان کے دفترخارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور قرارداد کو نوٹ کیا ہے، تاہم قرارداد کی منظوری کا وقت اور حالات دوطرفہ تعلقات، مثبت محرکات سے مطابقت نہیں رکھتے۔
ترجمان نے کہا کہ قرارداد پاکستان میں سیاسی صورت حال اور انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچویں بڑا جمہوری ملک ہے، پاکستان آئین اور انسانی حقوق کو اہمیت دینے کا عزم کیے ہوئے ہے اور پاکستان اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان باہمی احترام اور مفاہمت کی بنیاد پر تعمیری مذاکرات اور رابطوں پر یقین رکھتا ہے، ایسی قراردادیں نہ تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد، امید ہے امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امید ہے امریکی کانگریس دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں باہمی اشتراک کے شعبوں پر توجہ دے گی۔
خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کے عام انتخابات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔