ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو پہلی شکست

ڈبلن: تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے زیر کرلیا۔
آئرلینڈ نے پاکستان کا 183 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس آفریدی شامل تھے۔
آئرلینڈ کی دعوت پر پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
بابراعظم نے 57 اور صائم ایوب نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ اعظم خان اور شاداب خان صفر پر پویلین لوٹے جب کہ محمد رضوان ایک رن بناسکے۔ افتخار احمد 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آئرلینڈ نے پاکستان کا 183 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، اینڈی بالبرینی نے 77 رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، اننگز میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ہیری ٹیکٹر نے 36، جارج ڈاکریل نے 24 رنز اسکور کیے جب کہ ڈیلنے 10 اور کرٹس کیمفر 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، عماد، نسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی ہے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔