پاکستانی اسکول نے بڑا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا
دبئی: پاکستانی اسکول نے بڑا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا، موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہونے والے زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ کو جیت کر تاریخ رقم کردی۔
زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ دبئی ایکسپو میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ہوئے، جس میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کورٹ ایجوکیشن اسکول کی ہونہار پاکستانی طلبا سمعیہ کو ایوارڈ سے نوازا، پاکستانی اسکول نے گلوبل ہائی اسکول کی کیٹگری کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
پاکستانی اسکول کورٹ ایجوکیشن کمپلیکس نے مقابلے کے دوران کم سے کم پانی سے باغ اُگانے کا منصوبہ پیش کیا تھا اور یہ منصوبہ اسکول کی دو طالبات سمعیہ اور کنزیٰ نے پیش کیا تھا۔
کورٹ ایجوکیشن کمپلیکس اسکول مظفرآباد میں قائم ہے جو آزاد کشمیر میں 2005 میں آنے والے ہولناک زلزلے میں یتیم ہونے والے بچوں کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
صحت، پانی، خوراک، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کی کیٹگریز میں زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ جیتنے والی ٹیم کو 10 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا اور ڈیڑھ لاکھ ڈالر ہر گلوبل ہائی اسکول ونر کو فراہم کیے جائیں گے۔