پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلیا
اسلام آباد: پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرکے ایک بار پھر اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، جو سطح سمندر سے 8849 میٹر بلند دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے۔
کوہ پیما نائلہ کیانی دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون جب کہ 2023 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں۔
BARD فاؤنڈیشن نے ایک بار پھر ان کی اس مہم میں معاونت کرکے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا، نائلہ کیانی نے حال ہی میں سطح سمندر سے 8091 میٹر بلند دنیا کے 10 ویں بلند ترین پہاڑ اناپورنا I کو بھی سر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
نائلہ نے اس شاندار کامیابی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں کی چوٹی پر اپنے ملک کے پرچم کو تھامنے اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے سے بہتر کوئی احساس نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ ایک طویل انتظار کے اس سنگ میل کو پورا کرکے وہ انتہائی پُرجوش ہیں، جس کے لیے وہ کافی عرصہ سے منتظر تھیں، انہوں نے BARD فاؤنڈیشن کے تعاون پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔