پاکستان نے افغان مشیر قومی سلامتی کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیے!

اسلام آباد: افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی جانب سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات پاکستان نے مسترد کردیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے افغان مشیر قومی سلامتی کے بیان پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا اور افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کردیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان قیادت کے بیانات سے دونوں برادر ممالک کے مابین ماحول خراب ہوسکتا ہے، افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی جیسے فورمز کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
خیال رہے کہ افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب کے تصدیق شدہ سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ سے چند روز قبل ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ افغانستان سیکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ وہ کس کے لیے اور کس سے لڑ رہے ہیں، اس ہمسائے کے خلاف جس کی کوئی عزت و وقار نہیں ہے۔ وہ شیرشاہ سوری کو اپنا لیڈر کہتے ہیں، ان کے راکٹ کا نام غوری ہے اور ان کے گھروں کا نام غزنوی ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں حمد اللہ محب نے انتہائی مذموم طرز اختیار اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پشتون قبائل پاکستان سے خوش نہیں ہیں۔ پشتونوں نے بغاوت کردی ہے، بلوچ بھی اپنے حقوق کے لیے لڑرہے ہیں اور جنہوں نے بھارت میں اپنی جائیدادیں چھوڑیں اور پاکستان میں قیام اختیار کیا انہیں مہاجر بلایا جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔