پاک بحریہ کا جدید گائیڈنس سسٹم والے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
اسلام آباد/ کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاک بحریہ کے جہاز سے فائر کیے گئے برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت منصوبے سے منسلک سائنس دانوں اور انجینئرز نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور دیگر خصوصیات کا حامل ہے، میزائل دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے اور انتہائی درستی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میزائل کا کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی برتری اور عملی مہارت کا عکاس ہے۔
صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربہ میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔