پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی لگادی گئی!

اسلام آباد: چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی۔
ٹک ٹاک پر پابندی غیر قانونی و غیر اخلاقی مواد کو روکنے کے لیے مؤثر میکنزم تیار کرنے پر ناکامی پر لگائی گئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی تھیں، جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات شیئر کیے گئے تھے اور انہیں پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا، تاہم ٹک ٹاک انتظامیہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر وہ آنے والے دنوں میں ریگولیٹر کی ہدایات کے مطابق غیر اخلاقی مواد کو روکنے کا مؤثر میکنزم تیار کرلیتے ہیں تو پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ’ ٹنڈر‘ اور ’سے ہائے‘ سمیت پانچ ڈیٹنگ ایپس اور لائیو اسٹریمنگ ویب سائٹس پر پابندی لگائی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔