رواں ماہ پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا امکان
اسلام آباد: ملک و قوم کے لیے بڑی خوشخبری، ایف اے ٹی ایف کے معیارات پر عمل درآمد کرنے والے ٹاپ 10 ممالک میں پاکستان شامل ہوگیا، اب وطن عزیز کا گرے لسٹ سے نکلنے کا مضبوط امکان پیدا ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق 17 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کا اجلاس منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 21 اکتوبر کو پاکستان کا فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا قوی امکان ہے، کیوں کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کرچکا ہے۔
ایف اے ٹی ایف ٹیم نے اگست کے آخری اور ستمبر کے پہلے ہفتہ تک پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے اقدامات پر فیٹف کی ٹیکنیکل ٹیم مطمئن ہوکر واپس گئی تھی اور ٹیم نے تمام متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیٹف جائزہ ٹیم کا مقصد قوانین پر عمل درآمد کے لیے پولیٹکل وِل کو سمجھنا تھا۔ فیٹف اجلاس کے اختتام پر 21 اکتوبر کو پیرس میں پریس کانفرنس ہوگی۔