پاکستان 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام، بھارت 6 رنز سے کامیاب
نیویارک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرادیا۔
نیویارک میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کے خلاف بھارت کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 19 اوور میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تاہم 120 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ 20 اوور 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بناسکی۔
پہلا اوور بغیر کسی نقصان کے 8 رنز پر مکمل ہوا تو بارش دوبارہ شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا اور کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے۔ بعدازاں میچ شروع ہوا تو ویرات کوہلی 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کےخلاف بھارت کی پہلی وکٹ 12 رنز پرگری۔
بھارت کی دوسری وکٹ 19 رنز پر گری جب بھارتی کپتان روہت شرما شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز پرگری جب اکشر پٹیل 20 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کے خلاف بھارت کی چوتھی وکٹ 89 رنز پرگری۔ سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی پانچویں وکٹ 95 رنز پرگری جب شیوام ڈوبے 3 رنز بناکر نسیم شاہ کا تیسرا شکار بنے۔
پاکستان کے خلاف بھارت کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 96 رنز پر گری جب محمد عامر کی مسلسل 2 گیندوں پر دو بھارتی بلے باز آؤٹ ہوئے۔ ریشبھ پنٹ 42 اور رویندرا جڈیجا صفر پر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے خلاف بھارت کی آٹھویں وکٹ 112 رنز پر گری جب ہاردک پانڈیا 7 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔ بھارت کی نویں وکٹ بھی 112 رنز پرگرگئی، جسپریت بمرا صفر پر حارث رؤف کا شکار بنے۔
بھارت کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ارشدیپ سنگھ تھے جو 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
دھیان رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پہلی مرتبہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف آل آؤٹ ہوئی۔ اس کے علاوہ 119 آل آؤٹ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کے خلاف بھارت کا کم ترین اسکور بھی ہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 29 رنز کےعوض 1 وکٹ حاصل کی۔ حارث رؤف نے 3 اوور میں 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد عامر نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ عماد وسیم نے 3 اوورز میں بغیر وکٹ کے 17 رنز دیے۔ افتخار احمد نے ایک اوور کیا اور 7 رنز دیے۔
بھارت کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری جب کپتان بابراعظم 13 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 57 رنز پرگری، عثمان خان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 73 رنز پر گری، فخر زمان 13 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 80 رنز پر گری جب سیٹ بلے باز محمد رضوان 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی شاداب خان تھے جو 88 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے خلاف پاکستان کی چھٹی وکٹ 102 رنز پر گری، افتخار احمد 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جو کہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
ان کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ارشدیپ سنگھ اور اکثر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔