بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز: پاکستان ٹیم کا اعلان، سرفراز ہیڈ کوچ مقرر
لاہور: پی سی بی نے بنگلادیش کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جب کہ سرفراز احمد ہیڈ کوچ ہوں گے۔
شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ 4 نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں شامل 5 کھلاڑی لاہور میں جاری این سی اے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں، قومی ٹیسٹ اسکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا جب کہ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔
قومی ٹیم کا کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا اور ٹیم 2 مئی کو بنگلادیش کے لیے روانہ ہوگی۔
سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلادیش ٹور کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق اور عمر گل بیٹنگ اور بولنگ کوچ کی ذمے داریاں انجام دیں گے۔
شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل،عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں ہوگا اور یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔