پاکستان نے جنوبی افریقا کو 28 رنز سے ہراکر سیریز جیت لی

سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں پاکستان نے میزبان کو 28 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1سے جیت لی۔ بابر اعظم جارحانہ اور شاندار 94 رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ فخر زمان سیریز میں دو لگاتار سنچریوں کے سبب بہترین کھلاڑی ٹھہرائے گئے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 292 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ قبل ازیں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا۔ فخر زمان نے لگاتار دوسری سنچری بناڈالی۔ کپتان بابراعظم 94 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 112 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، امام الحق 112 کے مجموعے پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان 101 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے بھی ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور 82 گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، آخر لمحات میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج 3 اور مکرام 2 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
پروٹیز کے خلاف فیصلہ کن میچ میں سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا جب کہ لیگ اسپنر عثمان قادر نے آج ون ڈے میں ڈیبیو کیا ہے۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہد آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
نوجوان بلے باز دانش عزیز، مڈل آرڈر بلے باز آصف اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ شاداب خان انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔
دھیان رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔