دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کُن مرحلے میں داخل، پاکستان کی جیت کا روشن امکان
کنگسٹن: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہوگیا۔
آج پانچویں اور آخری دن کا کھیل ہوگا، پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے مزید 9 وکٹیں درکار ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کو 280 رنز کی ضرورت ہے۔ بظاہر اس مقابلے میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم نظر آتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنگسٹن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 39 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن شاہین آفریدی اور محمد عباس کی تباہ کُن بولنگ کے سامنے کوئی بھی بلے باز ٹک نہ سکا، پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شاہین آفریدی نے 6، محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی، عمران بٹ اور عابد علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے نسبتاً بہتر بیٹنگ کی، عمران بٹ37 اور عابد علی 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی نے 22، بابر اعظم 33، حسن علی 17 اور فہیم اشرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 176 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی۔ جیسن ہولڈ اور الزاری جوزف نے 2 ،2 وکٹیں لیں جب کہ کریگ بریتھ ویٹ اور کائل میئرز نے ایک ایک پاکستانی کھلاڑی آؤٹ کیا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا۔ ویسٹ انڈیز نے کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنالیے تھے، کائل پاویل 23 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے ہیں جب کہ کریگ بریتھ ویٹ 17 اور الزاری جوزف 8 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔