راولپنڈی ٹیسٹ: بارش کی مداخلت، 58 اوورز کا کھیل ہوسکا!
راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹِیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز صرف 58 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا، اس کے بعد بارش نے مداخلت کردی، یوں مزید کھیل جاری رکھنا ناممکن ہوگیا۔
بارش سے قبل پاکستان نے دوسرے سیشن کے اختتام تک 58 اوورز کے کھیل میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز جوڑ لیے تھے۔ کپتان بابر اعظم اور فواد عالم کے درمیان 123 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ دونوں بالترتیب 77 اور 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کے اوپنرز اس بار بھی ناکام رہے۔ عمران بٹ 15 جب کہ عابد علی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اظہر علی کو صفر کی خفت اُٹھانی پڑی۔
خیال رہے پاکستان کو مہمان جنوبی افریقا پر 1-0 کی برتری حاصل ہے۔