پاکستان ٹیم کا دورۂ ویسٹ انڈیز، بارباڈوس میں ٹریننگ سیشن شروع
بارباڈوس: انگلینڈ سے بارباڈوس پہنچنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم ایک روزہ آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے لیے بارباڈوس کے برج ٹاؤن اسٹیڈیم میں پہنچی، جہاں چار روز تک نیٹ سیشن میں شرکت کا پلان بنایا گیا ہے۔
دھیان رہے کہ انگلینڈ سے ویسٹ انڈیز آمد پر پاکستانی کھلاڑیوں کو آن ارائیول کووڈ ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑا، جس کے نتائج منفی آئے جب کہ دوسری مرتبہ کووڈ ٹیسٹنگ کے نتائج بھی منفی آنے کے بعد ایک روزہ آئسولیشن کے بعد گرین شرٹس کو گزشتہ روز میدان میں اترنے کی اجازت مل گئی۔
کھلاڑیوں نے برج ٹاؤن میں رننگ کے علاوہ جسمانی ورزش بھی کی اور نیٹ پر بیٹنگ اور بولنگ بھی کرتے دکھائی دیے۔ کھلاڑیوں نے ساحل پر فٹ بال اور والی بال کھیل کر بھی وقت گزارا اور بیشتر تیراکی کے فن کا مظاہرہ بھی کرتے رہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق تیسری کووڈ ٹیسٹنگ کرانے سمیت قومی اسکواڈ چار روز تک نیٹ سیشنز میں شرکت کرے گا، البتہ ٹیم انتظامیہ کی خواہش پر ان نیٹ سیشنز کو سیناریو بیسڈ میچز میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے، جس کے دوران کھلاڑی مخصوص اہداف کے تعاقب میں بیٹنگ اور بولنگ کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 27 جولائی سے ہوگا جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔