پاک بھارت کے درمیان آبی مذاکرات دوبارہ بحال
اسلام آباد: بیک ڈور رابطے رنگ لے آئے، پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے برف پگھلنے لگی۔
پاک بھارت سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت آبی مذاکرات دوبارہ بحال ہوگئے ہیں اور 23 مارچ کو پاک بھارت آبی وفود میز پر بیٹھیں گے، کامیاب سفارتی پیش رفت کے بعد پاکستان نے پاک بھارت انڈس واٹر کمشنرز کے نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے، دو روزہ اجلاس کا انعقاد 23 اور 24 مارچ کو نئی دہلی میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق انڈس واٹر کمشنر سید محمد مہرعلی شاہ اور ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری پاکستان کی نمائندگی کریں گے، پاک بھارت انڈس واٹر کمشنرز کا یہ 116 واں اجلاس ہوگا اور دو برس کے التوا کے بعد ہورہا ہے، گذشتہ اجلاس دو سال پہلے لاہور میں منعقد ہوا تھا۔ کورونا وبا، پاک بھارت تناؤ اور دیگر عوامل کے باعث دو برس اجلاس منعقد نہیں ہوسکا۔