پاک افغان بارڈر: باب دوستی سے تجارت اور پیدل آمدورفت بحال
چمن: 7 روز بعد پاک افغان بارڈر پر باب دوستی سے دو طرفہ تجارت اور آمدورفت بحال کردی گئی۔
کسٹم حکام کے مطابق 7 روز بعد باب دوستی سے دو طرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بحال کی گئی ہے جب کہ کسٹم کلیئرنگ اور امیگریشن آپریشن بھی دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ باب دوستی سے وسطی ایشیا کے لیے پاکستانی تازہ میوہ جات کی ایکسپورٹ بھی بحال کردی گئی ہے جب کہ افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی برآمد 7 روزہ تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی۔
حکام کے مطابق باب دوستی کے دونوں جانب پاکستانی اور افغان سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں جب کہ باب دوستی کھولنے کے بعد پاک افغان بارڈر فورسز نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ بھی کیا۔
13 نومبر کو پاک افغان سرحد باب دوستی پر افغانستان سے داخل ہونے والے دہشت گرد نے فائرنگ کرکے ایک ایف سی اہلکار کو شہید اور دو کو زخمی کردیا تھا، جس کے بعد باب دوستی کو احتجاجاً بند کردیا گیا تھا۔
اتوار کو پاک افغان اعلیٰ سول اور ملٹری حکام کے درمیان ہنگامی فلیگ میٹنگ ہوئی تھی۔