کالعدم بی این اے کمانڈر کی 70 ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شمولیت

کوئٹہ: کالعدم بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) کے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے 70 ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے ساتھ کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں بی این اے کے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کے لیے بھارت فنڈنگ کرتا ہے، منشیات فروشی، لوگوں کو اغوا بھی کیا جاتا ہے۔
سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ کچھ لوگ مذموم مقاصد کے لیے بلوچ ماؤں، بہنوں اور نوجوانوں کو ریاست مخالف استعمال کررہے ہیں، جنگ میں خواتین کو بھی دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں اور اپنی سرزمین سے دُور رہنے پر پچھتانے کے سوا کچھ نہیں، یہاں آکر خوشی محسوس کررہا ہوں، باقی لوگ بھی اس انتظار میں ہیں کہ ریاست ان کو ویلکم کہے۔
سرفراز بنگلزئی کا کہنا تھا کہ نقصانات کافی ہوئے ہیں، والدین کو بھی پیغام ہے بچوں کو ایسے ماحول سے دُور رکھیں، بندوق مسئلے کا حل نہیں، والدین بچوں کو تعلیم دیں۔
اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ بی این اے کے کمانڈر 70 ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں، بغاوت چھوڑ کر واپس آنے والوں کو ریاست خوش آمدید کہے گی۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ غلط فہمیاں اور دُوریاں ختم ہونی چاہئیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔