ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کو شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں وفاق کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں امن وامان اور شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن پر گفتگو کی گئی جب کہ اس موقع پر وزیر داخلہ نے آپریشن میں وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان صوبائی معاملہ ہے، اس معاملے میں وفاق سے جو مدد چاہیے ہم دیں گے، رینجرز کی آپریشن میں مدد چاہیے تو وہ بھی دیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف دہشت گردی کے کیسز داخل کریں اور کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے، وزارت داخلہ مہیا کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے سے ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، کچھ اہم آلات درکار ہیں وہ سندھ حکومت خریدرہی ہے اور آلات کی خریداری میں وفاقی وزارت داخلہ ہماری مدد کرے۔
مُراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں اے پی سیز خراب ہونے کے باعث ڈاکوؤں نے حملہ کیا لیکن ہم کچے کا علاقہ جلد ڈاکوؤں سے خالی کرائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔