بھارت، اولاد سے محروم 70 سالہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش
نئی دہلی: بھارت میں 70 سالہ خاتون نے بچے کو جنم دے کر سب کو حیران کردیا۔
بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بھوج میں خاتون جیونبن ربری کے ہاں ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار کے ذریعے آپریشن سے بچے کی پیدائش ہوئی۔
خاتون کے ڈاکٹر نریش بھانوشالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس نے مصنوعی حمل کاری کے ذریعے (آئی وی ایف) کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ ڈیلیوری کیسز میں مدد کی ہے لیکن اس عمر میں خاتون کا بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کو جنم دینا معجزہ ہے، خاتون کے بڑھاپے اور ضعیفی کی وجہ سے پہلے پہل تو میں بھی اس کیس کو لینے میں ہچکچارہا تھا لیکن دونوں میاں بیوی کو بہت زیادہ بچے کی خواہش تھی اور برسوں سے وہ اولاد کے لیے تڑپ رہے تھے، لہٰذا ہم نے ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں اور مسلسل زیر نگرانی ہیں، میاں بیوی دونوں اس عمر میں اولاد کی نعمت پاکر بہت خوش ہیں، بچہ بھی صحت مند ہے۔
ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار میں عموماً لیبارٹری میں مصنوعی طور پر بچوں کی پیدائش کے تولیدی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس طریقے کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی بھی کہا جاتا ہے۔
دھیان رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی ریاست ہریانہ میں ایک 70 سالہ خاتون کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوچکی ہے۔